بنگلہ دیش، بھارت، سری لنکا اور نیپال پیچھے! پاکستان میں تیل قیمتوں کا نیا ریکارڈ

اسلام آباد(پاکستان امیج)پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جہاں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈیزل کی قیمت میں خطے کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومت کے نئے روزانہ قیمتوں کے نظام کے باعث ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا کر رہے ہیں۔

معروف کالم نگار فخر سلیم کے مطابق پاکستان میں صرف 7 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 20فیصد تک اضافہ ہوا جو جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہے۔اسکے مقابلے میں افغانستان میں ڈیزل کی قیمت میں صرف 1.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال میں قیمتیں برقرار رہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل کی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 388 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ ایک ہفتے میں فی لیٹر 65 روپے 8 پیسے کا اضافہ ہوا۔ اس غیر معمولی اضافے نے بالخصوص مال بردار شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے باعث کاروباری معاملات کی منصوبہ بندی کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے بھی کرایوں میں مسلسل اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے اخراجات اب برداشت سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔

ٹرانسپورٹر نمائندے کے مطابق ایک ٹریلر کے ہر سفر پر اب لاکھوں روپے اضافی خرچ آ رہا ہے جس کا بوجھ مجبوراً سامان کی ترسیل کے ذریعے صارفین تک منتقل کرنا پڑ رہا ہے۔

ڈیزل مہنگا ہونے کے اثرات عام استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کے باعث ضروری سامان مہنگا ہو رہا ہے جس سے پہلے ہی مہنگائی سے متاثرہ عوام کے گھریلو بجٹ مزید دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔

تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا مؤقف ہے کہ موجودہ قیمتوں کے طریقہ کار نے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے اور سپلائی چین بھی متاثر ہو رہی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیزل کی قیمتوں اور قیمت مقرر کرنے کے موجودہ نظام پر نظرثانی نہ کی گئی تو ملک کا ٹرانسپورٹ شعبہ مزید مشکلات میں گھِر سکتا ہے جس کے اثرات خوراک کی فراہمی، صنعتی سرگرمیوں اور عام شہریوں کی روزمرہ زندگی پر پڑنے کا خدشہ ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *