لاہور(پاکستان امیج)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے غمزدہ والدین سے ملاقات کی، ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں دلاسہ دیا۔ اس موقع پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاں بحق بچوں کے لیے 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کے چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے دوران ان کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ اس موقع پر انہوں نے بچوں کی ماؤں کو گلے لگا کر دلاسہ بھی دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دکھی ماؤں کے آنسوؤں کا مداوا کوئی رقم نہیں کر سکتی، ننھے پھولوں کا اس طرح بچھڑ جانا دلخراش ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے‘ اور حکومت ہر ممکن طور پر متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے سانحہ کاہنہ کے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امدادی پیکیج کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت ہر جاں بحق بچے کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ خاندانوں کو امدادی چیکس بھی حوالے کیے اور زخمیوں کی بہترین طبی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
Pakistan Image