حج 2027، آن لائن رجسٹریشن نے ریکارڈ توڑ دیا، ہزاروں افراد نے فوری اندراج کرا لیا

اسلام آباد(پاکستان امیج)وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن مہم کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں صرف دو روز کے دوران رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق اب تک 46 ہزار افراد نے آن لائن پورٹل کے ذریعے جبکہ 5 ہزار افراد نے پاک حج موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی ہے۔ حکومت نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام میں منتقل کر رہی ہے تاکہ عازمین کو جدید، شفاف اور آسان سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 41 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 10 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔ صوبہ پنجاب سے 24 ہزار، سندھ سے 16 ہزار، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار اور اسلام آباد سے 3 ہزار شہریوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

اسی طرح بلوچستان سے 800، آزاد کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 افراد نے حج 2027 کے لیے اندراج مکمل کیا ہے۔ رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں، جبکہ 30 سے 48 سال عمر کے افراد کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن مہم بلا تعطل جاری رہے گی، جبکہ حج اخراجات، مختلف پیکیجز اور دیگر اہم تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔

وزارت نے تمام خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ آئندہ مراحل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حج 2027 کی رجسٹریشن وزارت مذہبی امور کے آن لائن پورٹل اور پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جہاں عازمین گھر بیٹھے آسانی سے اپنی معلومات درج کر سکتے ہیں۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

پنجاب: میٹرک پاس طلبہ کے لیے 17 میڈیکل ڈپلومہ کورسز میں داخلوں کا اعلان

لاہور(پاکستان امیج)میٹرک کے بعد صحت کے شعبے میں کیریئر بنانے کے خواہش مند طلبہ کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *