کراچی (پاکستان امیج)ملک بھر میں سونے کی قیمت بار بار گرنے کے باوجود آسمان پر ہے، ہفتے کے روز ایک تولہ سونا 4 ہزار روپے سے زائد مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 44 ہزار روپے کی سطح پر آگیا جبکہ یہ نرخ آج دوپہر تک برقرار رہیں گے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 370 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 44 ہزار 336 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا 3 ہزار 933 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 79 ہزار 880 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 43 ڈالر اضافے کے ساتھ 4 ہزار 219 ڈالر تک جا پہنچا۔
دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 7 ہزار 279 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سونے کو روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، جس کی طلب اور قیمت بالخصوص افراطِ زر، سیاسی بے یقینی اور معاشی عدم استحکام کے دوران بڑھ جاتی ہے۔ صدیوں سے اسے دولت کے ذخیرے اور کرنسی کی ایک شکل کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال میں عموماً سونے کا رخ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال سونے کی قیمت کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا تھا، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی نرخ کے مقابلے میں 20 ڈالر فی اونس اضافے کے ساتھ مقرر کی جاتی ہے۔
Pakistan Image