لاہور (پاکستان امیج )نجی ویب سائٹ ’’ ڈراپ سائٹ‘‘ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں سامنے آنے والے تنازع ’سفائفر‘ کی مبینہ خفیہ دستاویز حاصل کرنے کا دعویٰ کیاہے جسے عوامی سطح پر شیئر کر دیا گیاہے ، یہ مبینہ سائفر عمران خان کے دور حکومت کے آخری دنوں میں امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید کی جانب سے لکھا گیا جس میں پاکستانی سفیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لوکے درمیان ہونے والی ملاقات اور گفتگو کا احوال بیان کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اس سائفر کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی حکومت امریکہ کے کہنے پر ختم کی گئی ہے ۔مبینہ سائفر میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیر کو کہا کہ ’’ یہاں (یعنی امریکہ) اور یورپ میں اس بات پر کافی تشویش پائی جاتی ہے کہ پاکستان یوکرین کے معاملے پر اتنے جارحانہ انداز میں نیوٹرل کیوں ہوگیا ہے ، ہمیں آپکا یہ موقف غیر جانبدار محسوس نہیں ہوتا، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ساتھ گفتگو میں انہیں یہ واضح طور پر محسوس ہوا کہ یوکرین کے حوالے سے نیوٹرل رہنے کی یہ پالیسی وزیرِ اعظم(عمران خان) کی پالیسی ہے ، یہ پالیسی عمران نے اس لئے اپنائی ہے تاکہ وہ لوکل سطح پر عوام میں اپنا امیج ایسا بنا سکے (کہ وہ امریکہ کے پریشر میں نہیں آتے اور آزاد خارجہ پالیسی چلا رہے ہیں) ‘‘ ۔
پاکستانی سفیر نے لکھا ہے کہ انہوں نے ڈونلڈ لو کو جواب دیا کہ ’’یہ صورتحال کی درست تشریح نہیں ہے ، پاکستان کا یوکرین سے متعلق مؤقف مختلف اداروں کے درمیان تفصیلی مشاورت کا نتیجہ ہے ، انہوں نے ڈونلڈ لو سے پوچھا کہ کیا امریکہ کے سخت ردِعمل کی وجہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یوکرین کے معاملے پر ووٹنگ سے پاکستان کی غیر حاضری بنی ہے؟ ڈونلڈ لو نے واضح طور پر اس کی تردید کی اور کہا کہ اس سخت رد عمل کی اصل وجہ وزیرِ اعظم کا ماسکو کا دورہ تھا ۔ ‘‘
ڈونلڈ لو نے کہاکہ ’’ میرے خیال میں اگر وزیرِ اعظم (عمران خان) کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو جاتی ہے تو واشنگٹن میں سب کچھ معاف کر دیا جائے گا کیونکہ روس کا دورہ وزیرِ اعظم کا ذاتی فیصلہ سمجھا جا رہا ہے ، ورنہ آگے چلنا مشکل ہوگا ، مجھے نہیں پتہ کہ یورپ اس کو چیز کو کیسے دیکھے گا، لیکن میرا اندازہ ہے کہ ان کا ردِعمل بھی ایسا ہی ہوگا‘‘۔
مبینہ سائفر کے مطابق پاکستانی سفیر نے جواب دیا کہ ’’یہ تاثر مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن ہے ، ماسکو کا دورہ کئی سالوں سے زیرِ غور تھا اور ادارہ جاتی عمل کے نتیجے میں طے پایا تھا ، جب وزیرِ اعظم ماسکو جا رہے تھے اُس وقت روس نے یوکرین پر حملہ شروع نہیں کیا تھا اور پُرامن حل کی امید ابھی باقی تھی ، اور یورپی ممالک کے رہنما بھی انہی دنوں ماسکو جا رہے تھے۔ ‘‘
اس پر ڈونلڈ لو نے کہاکہ ’’ یورپی ممالک کے رہنماؤں کے وہ دورے خاص طور پر یوکرین تنازع کے حل کے لیے تھے جبکہ وزیرِ اعظم پاکستان کا دورہ دوطرفہ اقتصادی وجوہات کے لیے تھا ‘‘۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ’’وزیرِ اعظم نے ماسکو میں موجودگی کے دوران صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ سفارت کاری کامیاب ہوگی ۔ یہ دورہ خالصتاً دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں تھا اور اسے روس کے اقدامات کی حمایت یا توثیق نہیں سمجھنا چاہیے ‘‘
پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ ’’پاکستان میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ امریکہ ان تمام معاملات پر پاکستان کی حمایت چاہتا ہے جو امریکہ کے لیے اہم ہیں، لیکن پاکستان کے اہم مسائل خصوصاً کشمیر کے معاملے پر امریکہ کی طرف سے خاطر خواہ حمایت نظر نہیں آتی ‘‘۔ انہوں نے حیرت کا اظہار بھی کیا کہ ’’اگر یوکرین کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف امریکہ کے لیے اتنا اہم تھا تو ماسکو دورے سے پہلے یا اقوامِ متحدہ کی ووٹنگ سے قبل اعلیٰ قیادت کی سطح پر ہم سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان مسلسل اعلیٰ سطحی رابطوں کو اہم سمجھتا ہے، اسی لیے پاکستان کے وزیرِ خارجہ نے سیکریٹری بلنکن سے بات کرنے کی کوشش کی تاکہ پاکستان کا مؤقف براہِ راست واضح کیا جا سکے، مگر ابھی تک یہ رابطہ نہیں ہو سکا ‘‘۔
اس پر ڈونلڈ لو نے کہا کہ ’’واشنگٹن میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ پاکستان کی موجودہ سیاسی ہلچل کے باعث یہ اعلیٰ سطحی رابطے کا مناسب وقت نہیں اور بہتر ہے کہ سیاسی صورتحال ’مستحکم‘ ہونے تک انتظار کیا جائے ‘‘۔پاکستانی سفیر نے لکھا ہے کہ ’’ہمیں اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے اور اسلام آباد میں موجود امریکی ناظم الامور کے سامنے مناسب سفارتی احتجاج ریکارڈ کرانے پر غور کرنا چاہیے ‘‘۔
Pakistan Image