لاہور (پاکستان امیج) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ 10 مئی صرف جنگی فتح نہیں بلکہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کی علامت بن چکا ہے۔ پاکستان بھارتی برتری یا بدمعاشی کبھی قبول نہیں کرے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پوری قوم کو معرکۂ حق کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج قوم کا سر فخر سے بلند ہے، عاصم منیر، شہباز شریف، ائیر چیف اور نیول چیف کی مشترکہ قیادت میں پہلگام واقعے سے ”بنیان المرصوص“ تک پاکستان نے کامیاب حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔
’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت دنیا کے سامنے کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا اور بھارتی بیانیے کو مسترد کیا۔ پاکستان کے ہر شعبے اور پوری قوم نے متحد ہو کر سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا، پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اگر سرحد پار حملہ کر کے ملکی سالمیت کو چیلنج کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مختلف علاقوں میں اسرائیلی ساختہ ڈرونز استعمال کیے گئے، تاہم پاکستان نے اپنی جدید جیمنگ صلاحیت سے ان ڈرونز کو مفلوج کر دیا، جس پر دنیا حیران رہ گئی۔ پاکستان نے دشمن کو ایسا جواب دیا کہ بھارت کے ”دانت کھٹے“ ہو گئے، بھارتی رافیل طیارے ایسے گرے جیسے کھلونے گریں اور پاکستان نے ایک کے بعد ایک متعدد رافیل طیارے تباہ کیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں امن، محفوظ مستقبل اور تجارت کا فروغ چاہتے ہیں، تاہم اگر زندگی اور آزادی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو وہ خودمختاری پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ پوری قوم عاصم منیر کی قیادت میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور پاکستان بھارتی برتری یا بدمعاشی کبھی قبول نہیں کرے گا۔
Pakistan Image