اسلام آباد(پاکستان امیج) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل کی جانب سے اداکاری کرنے پر برہمی کااظہارکیا،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ یہ عدالت ہے، ہالی ووڈ نہیں،یہ ڈرامہ یہاں نہ کریں۔
نجی ٹی وی چینل “دنیا نیوز” کے مطابق سپریم کورٹ میں ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی ، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نےوکیل کی جانب سے اداکاری کرنے پر برہمی کااظہارکیا اور وکیل درخواست گزار کے کان پکڑنے پر برہمی کااظہار کیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ یہ عدالت ہے، ہالی ووڈ نہیں،یہ ڈرامہ یہاں نہ کریں، آپ نے جج صاحب کی بات کو درست ماننے سے انکار کیا،آپ کہہ رہے ہیں کہ 5مقدمات ہیں لیکن یہ 8ہیں،آپ کی ہر بات کو ہمیں چیک کرنا پڑے گا،اگر غلطی کی ہے تو معذرت بھی کریں۔
وکیل نے عدالت سے اپنے رویئے کی معذرت کرلی۔
Pakistan Image