کراچی(پاکستان امیج)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین کے الیکٹرک شہریار چشتی کی ملاقات ہوئی جس میں کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی۔
ملاقات میں سی ای او کے الیکٹرک سید طحہٰ، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری توانائی اور دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ موسم گرما کا آغاز ہے، شہر کا غریب طبقہ طویل لوڈشیڈنگ کی مشکلات سے دوچار ہے، ہم چاہتے ہیں لوڈشیڈنگ میں خاص طور پر غریب علاقوں میں کمی ہونی چاہیے، غریب علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کا کوئی حل نکالا جائے۔
چیئرمین شہریار چشتی نے کہا کہ کے الیکٹرک سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر اسٹڈی کرنے کی ہدایت دے دی۔
چیئرمین کے الیکٹرک شہریار چشتی کا کہنا تھا کہ سستی بجلی کی پیداوار ناگزیر ہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کے کوئلے کو استعمال کرکے سستے بجلی بنا کر کے الیکٹرک کو دی جائے، وہ سستی بجلی کے الیکٹرک غریب علاقوں میں سستے داموں بلاتعطل فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کے ساتھ شراکت داری کر کے صنعتی علاقوں کو مناسب قیمت پر بجلی مہیا کرنے کا پلان بنا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی کو ہدایت دی کہ سستی بجلی مہیا کرنے کے لیے مختلف تجاویز مرتب کریں۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی، سیکریٹری توانائی اور سی ای او کے الیکٹرک پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کمیٹی شہر کے غریب علاقوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔
Pakistan Image