لاہو ر(پاکستان امیج )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں مبینہ بال ٹیمپرنگ کا معاملہ سامنے آ گیا جس نے شائقین کرکٹ اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
وی نیوز کے مطابق بال سے چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور فخر زمان کھڑے ہیں۔ فخر زمان حارث رؤف سے گیند لیتے ہیں اور کچھ ’چھیڑ چھاڑ‘ کے بعد گیند واپس انہیں کو تھما دیتے ہیں۔ لیکن اسی وقت امپائر حارث روف سے یہ گیند لے کر اسے تبدیل کر دیتے ہیں اور لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنلٹی لگا دیتے ہیں۔
صارفین فخر زمان کی اس حرکت پر برہم نظرآئے، کسی نے ان پر تنقید کی تو کوئی ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا نظر آیا۔ اسامہ ظفر نامی صارف نے کہا کہ یہ لوگ 5 سال سے بال ٹیمپرنگ کر رہے ہیں۔ پہلے کیمرہ مین کا فوکس گراؤنڈ میں لڑکیوں پر ہوتا تھا اب اسٹیڈیم خالی ہے تو فوکس گیند پر ہے۔
سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ فخر زمان گیا، ویڈیو ثبوت سامنے ہے قوی امکان ہے کہ ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کامران اکمل نے کہا کہ پہلے ثبوت نہیں تھا اب تو ویڈیو ثبوت موجود ہے، کپتان، حارث رؤف اور فخر زمان تینوں کو سزا مل سکتی ہے۔
عبدالرؤف خان نے کہا کہ بال سے چھیڑ چھاڑ یا ٹیمپرنگ کی بالکل بھی ضرورت نہیں تھی۔لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں پر اگر یہ ثابت ہو جاتا ہے تو اس کے بہت ہی افسوسناک نتائج نکلیں گے جو کہ پی ایس ایل اور پی سی بی کیلئے بھی نقصان دہ ہوں گے۔ کھلاڑی پر بھی بین لگ سکتا ہے۔ سسپنشن بھی ہوسکتی ہے۔
Pakistan Image