لاہور (پاکستان امیج) ملک میں توانائی بحران کے باعث صوبہ پنجاب میں بڑے فیصلوں کی تیاری کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیوں کی سفارش کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ توانائی کی جانب سے اہم سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کوپیش کی گئی ہیں جن کے تحت 15اپریل تک تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی سفارش کی گئی ہے، سکولوں میں ہائبرڈ نظام تعلیم پر غور شروع کردیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صوبے میں ممکنہ طور پر وفاق کی طرز پر فیول راشننگ کی جائے گی، پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف ہوگا، جس کے ذریعے مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز زیرغور ہے، اس کے علاوہ نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کے لیے سخت ہدایات کی سفارشات کی گئی ہے۔
ذرائع کی جانب سے یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ غیرضروری تقریبات پر مکمل پابندی، میٹرو اور بس سروس بڑھانے کی سفارش بھی کی گئی ہے، تجاویز میں ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے کا پلان بھی شامل ہے، رات 10 بجے کے بعد سٹریٹ لائٹس متبادل موڈ پرچلیں گیں، مارکیٹ اوقات کار مزید محدود کرنے بھی کی تجویز دے دی گئی۔
قبل ازیں پنجاب حکومت نے 10 مارچ سے 31 مارچ تک سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں بند رکھنے کا اعلان کیا تھا ، اس دوران امتحانات شیڈول کے مطابق ہونے کا کہا گیا، سرکاری دفاتر میں’’ورک فرام ہوم ‘‘ کا فیصلہ ہوا ، سرکاری امور کیلئے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد ہوں گی، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کیلئے سرکاری فیول بند کیا جائے گا، سرکاری افسران کی گاڑیوں کیلئے پٹرول اور ڈیزل الاونس میں 50 فیصد فوری کمی کردی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزراء اور اعلی سرکاری افسر کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی، ناگزیر سیکورٹی کے لئے صرف ایک گاڑی صوبائی وزراء اور اعلی سرکاری افسر کے ہمراہ ہوگی، سرکاری دفاتر میں ‘ورک فرام ہوم کا فیصلہ کیا گیا، صرف ضروری عملہ ہی دفاتر آئے گا، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی لیکن امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، سکول اور تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لے سکیں گے۔
Pakistan Image