سکھر (پاکستان امیج)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ بیک ڈور سے آنے کی کوشش نہ کریں اگر انہوں نے ایسا کیا اور عمران خان والا کردار ادا کرنے کی کوشش کی تو پھر گونواز گو کے نعرے بھی لگیں گے اور وہ تاریخ کا حصہ بھی بن جائیں گے ۔
سکھر میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت تو بظاہر میاں صاحب انوکھے لاڈلے نظر آتے ہیں مگر میں ان سےہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں کہ وہ کسی کی مدد سے آنے کےبجائے صحیح سیاست کریں اور اس ملک اور ریاست کو بچائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کہتے تھے کہ الیکشن کی تاریخ نواز شریف کی واپسی کے لیے روکی گئی ہے تو اب نواز شریف آکر اعلان کریں کہ میں آگیا ہوں اب الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرو ، سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹ میں ٹرائلز روکنے کے حوالے سے جو فیصلہ دیا ہے وہ آئین اور قانون کو دیکھ کر دیا گیا ہے یہ دیکھا ہوگا کہ مقدمات میں کون سی دفعات لگائی گئی ہیں مگر عدالتیں بڑا رسک لے رہی ہیں کیونکہ جن لوگوں نے 9مئی کو جلایا یا جلوایا وہ ان کےکیسز چلا بھی سکیں گی یا نہیں کیونکہ ماضی میں ایسے کیسز دباؤ کی وجہ سے عدالتوں نے لینے سے انکار بھی کیا ہے۔
Pakistan Image