ولن سے ہیر و تک ، نوازشریف کی واپسی پر سینئر صحافی حامد میر نے سارا نقشہ کھینچ دیا

اسلام آباد (پاکستان امیج)سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی پر سینئر صحافی حامد میر نے بھی اپنا تجزیہ پیش کردیا اور روزنامہ جنگ میں شائع ہونیوالے اپنے کالم میں انہوں نے لکھا کہ’چار سال پہلے نواز شریف کو ہوائی جہاز پر بیرون ملک روانہ کیا گیا تو میں نے ایک کالم لکھا تھا۔ کالم کا عنوان تھا ’’میں تمہیں بہت رلائوں گا‘‘۔ 21 نومبر 2019ء کو روزنامہ جنگ میں شائع ہونے والے اس کالم میں کہا گیا تھا کہ ایک سزا یافتہ مجرم کا جہاز پر چڑھنا بھی حیران کن ہے اور اس کی واپسی بھی حیران کن ہوگی، اس کالم کا اختتام ان الفاظ پر کیا تھا کہ پاکستان میں جو سیاسی فلم چل رہی ہے اس کا دی اینڈ بہت درد ناک ہوگا۔ ہیرو ولن اور ولن ہیرو بن جائے گا اور انہیں رلائے گا جو نواز شریف کو کہتے تھے کہ میں تمہیں بہت رلائوں گا‘۔

حامد میر نے مزید لکھا کہ ’ چار سال پہلے عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے ہیرو اور نواز شریف ولن تھے۔ میڈیا کو حکم دیا جاتا تھا کہ ہیرو کی حکومت کو کامیاب بنانے کیلئے پازٹیو رپورٹنگ کی جائے۔جب میں نے مذکورہ کالم میں لکھا کہ ہیرو ولن اور ولن ہیرو بن جائے گا تو پازٹیو رپورٹنگ کا حکم دینے والوں نے بڑی شاہانہ تمکنت سے پوچھا کہ ہمارا ہیرو ولن کیسے بن جائے گا؟بڑی عاجزی سے طاقتور لوگوں کی خدمت میں عرض کیا کہ حضور یہ خبر نہیں ہے بلکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کی روشنی میں صرف ایک حقیر سا تجزیہ ہے۔ تاریخ یہ بتاتی ہے کہ آپ جسے بھی زبردستی ہیرو بناتے ہیں اسے آپ خود ہی ولن بنا دیتے ہیں۔

کہا گیا کہ کوئی مثال پیش کی جائے۔ اس ناچیز نے بڑی ملائمت سے پھر عرض کیا کہ دور نہ جائیں آپ نے تین دفعہ نواز شریف کو وزیر اعظم بنایا تینوں مرتبہ اسے ولن بنا کر حکومت سے نکالا۔ دو مرتبہ جلا وطن کیا دونوں مرتبہ وہ واپس آیا تو تیسری مرتبہ بھی ضرور واپس آئے گا۔

طاقتور لوگ ناراض ہوگئے اور عمران خان بھی ناراض ہوگئے۔21 اکتوبر 2023ء کو نواز شریف لندن سے پاکستان واپس آگئے اور ہمارے خان صاحب جنہوں نے منہ پر ہاتھ پھیر کر کہا تھا کہ میں تمہیں بہت رلائوں گا وہ ہیرو سے ولن بن کر اڈیالہ جیل میں پہنچ چکے ہیں۔

نواز شریف نے پاکستان واپسی پر مینار پاکستان کے سائے تلے ایک بڑے جلسے سے خطاب کیااور اپنی تقریر میں یہ سوال تو اٹھایا کہ وہ کون ہے جو ہر چند سال کے بعد انہیں اپنے لوگوں سے جدا کردیتا ہے؟ انہوں نے جلسے کے شرکا سے کہا کہ آپ جانتے ہیں ناں میری حکومت کے خلاف دھرنے کون کروا رہا تھا؟ یہ دو سوال تو اٹھا دیئے لیکن دھرنے کرانے والوں کا نام نہیں لیا البتہ دھرنے کرنے والے عمران خان کا صرف ایک دفعہ نام لیا جس کی کوئی ضرورت نہ تھی۔

نواز شریف اتنے زیادہ محتاط تھے کہ یہ بھی نہ بتایا کہ وہ 2019ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی اجازت سے صرف چار ہفتے کے لئے علاج کی غرض سے لندن گئے تھے لیکن چار ہفتے کی بجائے چار سال کےبعد واپس کیوں آئے؟ کیا انہیں زبردستی جلا وطن کیا گیا تھا؟کیا وہ کبھی یہ بتائیں گے کہ 2018ء میں انہیں لندن سے پاکستان واپسی سے کون منع کر رہا تھا؟ پاکستان واپسی پر وہ کس کے حکم سے گرفتار ہوئے؟

انہوں نے یہ تو بتا دیا کہ اڈیالہ جیل کے نگران نے بستر مرگ پر پڑی ان کی اہلیہ سے فون پر بات نہیں کرائی اور کوٹ لکھپت جیل میں ان کی آنکھوں کے سامنے مریم کو گرفتار کرلیا گیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ احکامات کہاں سے آ رہے تھے؟اچھی بات ہے کہ نواز شریف نے محاذ آرائی کی بجائے سب اداروں اور جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت پر زور دیا لیکن وہ اس تاثر کو کیسے زائل کریں گے وہ اسی طریقے سے چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنیں گے جس طریقے سے عمران خان پہلی دفعہ وزیراعظم بنے تھے۔2018ء میں نواز شریف ولن تھے۔ 2023ء میں عمران خان ولن ہیں۔ 2018ء میں عمران خان ہیرو تھے اور 2023ء میں نواز شریف کو ہیرو کہا جا رہا ہے۔نواز شریف تین مرتبہ بطور وزیراعظم اپنی مدت پوری نہیں کرسکے۔ کیا انہوں نے کبھی 9 مئی جیسی کوئی سازش کی تھی؟ اگر وہ تین مرتبہ 9 مئی جیسی سازش کے بغیر حکومت سے نکالے جا سکتے ہیں تو یہ سانحہ چوتھی مرتبہ بھی ہو سکتا ہے۔

اصل بات یہ ہے کہ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور آئین کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔مینار پاکستان کے جلسے میں نواز شریف نے بہت اچھی باتیں کیں لیکن انہوں نے آئین کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ جلد از جلد انتخابات کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ ان کی واپسی نے ان سب کو غلط ثابت کردیا جو کہتے تھے کہ نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی‘

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *