ڈگری کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس جہانگیری کے 2 اعتراض مسترد کر دیئے

اسلام آباد(پاکستان امیج) اسلام آباد ہائیکورٹ ‏کے جسٹس طارق جہانگیری ڈگری کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس جہانگیری کے 2 اعتراضات مسترد کر دیئے۔

نجی ٹی وی چینل دنیانیوز کے مطابق چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بنچ کے جاری کردہ چار صفحات پر مشتمل حکمنامے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کا سنگل بنچ کی بجائے دو رکنی بنچ کی تشکیل سے متعلق اعتراض مسترد کر دیا۔

تحریری حکمنامہ میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ کے ایک جج کی ڈگری سے متعلق سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں، معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامی اختیار کے تحت 2 رکنی بنچ تشکیل دیا گیا، بنچ کی تشکیل چیف جسٹس ہائیکورٹ کا صوابدیدی اختیار ہوتا ہے۔

حکمنامہ میں مزید کہا گیا کہ خصوصی بنچ کی تشکیل کوئی پہلی مثال نہیں ہے، جسٹس جہانگیری کے چیف جسٹس پر تعصب کے اعتراض کا بھی کوئی قانونی جواز نہیں ہے، جسٹس طارق جہانگیری سمیت دیگر ججز کی چیف جسٹس کے تبادلے کے خلاف اپیل وفاقی آئینی عدالت سے مسترد ہو چکی ہے۔

تحریری حکمنامہ کے مطابق جج پر تعصب کی بنیاد پر بنچ سے علیحدگی کے اصول پر اعلیٰ عدلیہ کے متعدد فیصلے موجود ہیں، اعلیٰ عدلیہ 1966 سے لے کر 2023 تک کے فیصلوں میں جج پر اعتراض کے اصول واضح کر چکی ہے، جسٹس جہانگیری کے چیف جسٹس پر اعتراض کی ایک بھی قانونی وجہ بیان نہیں کی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ کا جسٹس جہانگیری کو درخواست کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا، جسٹس جہانگیری کو یونیورسٹی کا جمع کرایا گیا مکمل جواب اور ریکارڈ بھی دینے کا حکم دیا گیا، اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی فریق بنانے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *