اسلام آباد(پاکستان امیج)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے مخصوص سیاسی عناصر کی جانب سے پھیلائے جانے والے لسانی بنیادوں پر امتیازی نوٹس کے دعوے کو مسترد کردیا۔
نادرا کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے نادرا کے حوالے سے پھیلایا گیا یہ پروپیگنڈا جھوٹ پر مبنی ہے اور اس ٹوئٹ کو جعلی خبر کے طور پر قطعی مسترد کیا جاتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان بھر کے نادرا دفاتر میں اس نوعیت کا کوئی نوٹس نہیں آویزاں کیا گیا اور ادارہ اپنے قومی مینڈیٹ کے تحت تمام شہریوں کو بلا امتیاز خدمات فراہم کرتا ہے۔
نادرا نے واضح کیا کہ مذکورہ ٹوئٹ کے ذریعے جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کر کے پیش کرنے کی کوشش کی گئی اور مخصوص سیاسی عناصر ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کے لیے جھوٹی خبریں عام کر رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ من گھڑت خبریں عوام کو گمراہ کرنے اور ملک میں انتشار پیدا کرنے کی غرض سے پھیلائی گئی ہیں، اور ملک دشمن عناصر جھوٹ اور فریب کے ذریعے بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک مبینہ نوٹس گردش کررہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نادرا کے دفاتر میں پختون قومیت رکھنے والوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
Pakistan Image