جنرل باجوہ نے ٹیک اوور کی دھمکی دی، فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے، خواجہ آصف کا دعویٰ

اسلام آباد(پاکستان امیج)پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ سنہ 2022 میں آرمی چیف کی تعیناتی کے وقت ان کی جماعت میں کوئی بھی جنرل عاصم منیر کو ذاتی طور پر نہیں جانتا تھا۔ حکومت میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ سازی کر رہی تھی۔

نجی ٹیلی ویژن چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا کہ فوج کے نئے سربراہ کی تعیناتی کے دوران اس وقت کے آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ نے 8 سے 9 روز تک مزاحمت کی اور یہاں تک دھمکی دی کہ اگر انہیں توسیع نہ دی گئی تو وہ ’ٹیک اوور‘ کر لیں گے۔

خواجہ آصف نے مزید دعویٰ کیا کہ جنرل (ریٹائرڈ) باجوہ کی پہلی ترجیح یہ تھی کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کو نیا آرمی چیف تعینات کر دیا جائے۔

یہ بیانات ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کو فوجی عدالت نے کورٹ مارشل کی کارروائی میں 4 الزامات ثابت ہونے پر 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کے خلاف سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، حکومتی وسائل کے غلط استعمال اور شہریوں کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات پر کارروائی کی گئی۔

فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے غیرملکی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ انہیں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی ہدایات موصول ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ فیصلے کی کاپی اور متعلقہ ریکارڈ کے لیے ملٹری کورٹ میں درخواست جمع کرائیں گے، جبکہ قانون کے مطابق 40 روز کے اندر اندر اپیل کورٹ میں اپیل دائر کرنا ضروری ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *