لاہور(پاکستان امیج)پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی حمایت میں تہنیتی قرارداد جمع کرائی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی فیصلہ ملکی قومی سلامتی کے لیے سنگِ میل ہے اور 5 سالہ تعیناتی دفاعی قیادت میں تسلسل اور استحکام کو یقینی بناتی ہے۔
ایوان نے تسلیم کیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت ملکی دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی اور پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اسی کے ساتھ، ایوان نے چیف آف ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے وقت کی اہم ضرورت تھی۔
قرارداد میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ قومی سلامتی کے فیصلوں میں تسلسل اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
ایوان نے تمام قومی فورمز سے مطالبہ کیا کہ وہ دفاعی اداروں کی مضبوطی کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کی یکجہتی، امن اور دفاع یقینی بنایا جا سکے۔ قرارداد کے آخر میں پاکستان اور پاک فوج کی بقا اور مضبوطی کے لیے نعرہ لگایا گیا: ’پاکستان پائندہ باد — پاک فوج زندہ باد‘۔
Pakistan Image