بلاول ہاؤس کے قریب سے سیف سٹی کیمروں کا اہم ڈسٹری بیوشن باکس ہی چوری ہو گیا

کراچی (پاکستان امیج )کراچی میں بلاول ہاؤس کے قریب سیف سٹی کیمروں کا ایک اہم ڈسٹری بیوشن باکس چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

مقامی ویب سائٹ ’’وی نیوز‘‘ کے مطابق مذکورہ ڈسٹری بیوشن باکس 6 نومبر کو غائب ہوا تاہم ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود پولیس تاحال اس منفرد چوری کا سراغ نہیں لگا سکی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ڈسٹری بیوشن باکس سیف سٹی کیمروں کو بہتر سروس فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے اور اس کی تنصیب علاقے کی نگرانی کے لیے نہایت اہم تھی۔ باکس کافی اونچا اور وزنی ہے، اسے چوری کرنا آسان عمل نہیں، اس لیے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے تاکہ یہ پتا چل سکے کہ باکس کیسے غائب ہوا۔اسدرضا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک گاڑی کی مدد سے باکس پر کام ہوتا دکھائی دیا تھا، جس سے شبہ ہوتا ہے کہ چوری کی کارروائی کسی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔

ڈی جی سیف سٹی پروجیکٹ آصف اعجاز شیخ نے تصدیق کی ہے کہ ڈسٹری بیوشن باکس میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان نصب تھا۔ان کے مطابق باکس چوری ہونے کے بعد متعلقہ سیف سٹی کیمرے عارضی طور پر اتار لیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حیران کن طور پر سیف سٹی کیمروں اور ان سے منسلک آلات میں کوئی سیکیورٹی یا الارم سسٹم موجود نہیں، جس سے قیمتی سامان کے تحفظ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور ذمے داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *