اختیار ولی کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پر الزامات سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈا ہیں، مینا خان آفریدی

پشاور(پاکستان امیج)پشاور میں صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی اور معاونِ خصوصی شفیع جان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل اختیار ولی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، جو سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈا ہیں۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ تمام سیاسی حربے ناکام ہوچکے ہیں، سہیل آفریدی آئینی طور پر وزیر اعلیٰ بن چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 9 مئی کے روز سہیل آفریدی پشاور میں موجود تھے، مگر اُن کے خلاف ایک من گھڑت بیانیہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ اُن کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کے پہلے اجلاس میں ریڈیو پاکستان واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن کی منظوری دی جائے گی تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔

معاونِ خصوصی شفیع جان نے اس موقع پر کہا کہ اختیار ولی نے جعلی ویڈیو ٹی وی چینلز پر چلوا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، اور جن لوگوں نے ہماری نشستیں چھینی تھیں، وہ اب سہیل آفریدی کی کامیابی برداشت نہیں کر پا رہے۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کی جو ویڈیو کل نشر کی گئی وہ دراصل 16 مارچ 2023 کی ہے، اور اس کا 9 مئی کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی جان بوجھ کر روکی جا رہی ہے۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ 9 مئی دراصل تحریک انصاف کے لیے ایک ٹریپ تھا، اور اب جب سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ بن چکے ہیں، تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کابینہ میں مزید وزراء شامل کیے جائیں گے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *