اسلام آباد (پاکستان امیج ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ ”فتنہ الہندستان” کے اٹھارہ دہشت گردوں کو جہنم وصل کرنے پر پاک فورسز کے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کا فخر قرار دیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چیلتن پہاڑ (ضلع کوئٹہ) اور بلیدہ (ضلع کیچ) میں انجام دی جانے والی ان کارروائیوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پوری قوت، جذبے اور عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ، بارودی مواد اور گولہ بارود بھارت کی جانب سے پاکستان میں تخریب کاری کی واضح علامت ہے۔ دشمن کی ایسی سازشیں ہمارے قومی حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتیں بلکہ یہ عزم مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ ملک کو ہر قسم کی بیرونی مداخلت اور دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کیا جائے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی ان کامیاب کارروائیوں نے ”عزمِ استحکام” کے ویژن کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کی افادیت اور کامیابی کو واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جس پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ قربانی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں جو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔چیئرمین سینیٹ نے وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے ایک صفحے پر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی غیر ملکی یا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کو پنپنے نہیں دیا جائے گا، اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا کر ملک کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔ دریں اثنا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیوں پر گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ ”فتنہ الہندوستان” کے اٹھارہ دہشت گردوں کے انجام کو پاکستان کی امن و سلامتی کیلئے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چیلتن پہاڑ (ضلع کوئٹہ) اور بلیدہ (ضلع کیچ) میں کی جانے والی کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے عزم، بہادری اور غیر متزلزل قومی جذبے کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور بارودی مواد اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے، تاہم ہماری فورسز ہر سطح پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار اور پرعزم ہیں۔سیدال خان نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں’’عزمِ استحکام ‘‘کے ویژن کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کی بھرپور کامیابی کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جس پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانی کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کے محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے متحد ہیں ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی غیر ملکی یا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کو پنپنے نہیں دیا جائے گا، اور دشمن کی ہر سازش کو یکجہتی، ایمان اور عزم کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔
Check Also
رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …
Pakistan Image