اسلام آباد (پاکستان امیج) سوشل میڈیا کے موجودہ دور میں سینئر صحافی حامد میر نے لوگوں کی شادیوں میں جانے سے گریز کرنا شروع کردیا، اگر جاتے بھی ہیں تو طعام سے ’توبہ‘ کرچکے ہیں جس کا انکشاف انہوں نے ایک کالم میں کیا اور ساتھ وجہ بھی بتادی۔
روزنامہ جنگ میں چھپنے والے اپنے کالم میں حامد میر نے لکھا کہ ’شادی کی تقریبات میں طعام تک پہنچنا ایک مشکل کام ہوتا ہے۔ اگر آپ ایک لمبی قطار کے ذریعہ طعام تک پہنچنے کی کوشش کریں تو آگے پیچھے کے لوگ سیاسی سوالات کی بھرمار کردیتے ہیں۔ اس بھرمار سے نمٹتے ہوئے آپ اپنی پلیٹ میں کچھ ڈالنے میں کامیاب ہو جائیں تو دیگر پلیٹ بردار سیلفیوں کے ذریعہ اس طعام کو یادگار بنانے پر اتر آتے ہیں لہٰذا عرصہ ہوا ہم شادی کی تقریبات میں صرف مبارکباد دیکر واپس چلے آتے ہیں کیونکہ کچھ کھانے کیلئےرک جائیں تو سیلفی مافیا آپ کے ہاتھ میں پکڑی پلیٹ کو ہر زاویے سے دنیا کے ہر کونے تک پہنچا دیتا ہے۔
کل رات بھی شادی کی ایک تقریب میں جانا ہوا، جیسے ہی میزبان نے سینکڑوں کے مجمعے کو کھانے کی دعوت دی تو سب مہمان طعام پر حملہ آور ہوگئے اور ہم نے خاموشی سے رخصت ہو جانے میں عافیت سمجھی۔ جیسے ہی شادی ہال سے باہر نکلے تو سامنے تھری پیس سوٹ میں ملبوس ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ آتے دکھائی دیئے۔ مجھے دیکھتے ہی انہوں نے بڑی گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور کہا کہ آپ جلدی واپس جا رہے ہیں اور میں ذرا دیر سے آ رہا ہوں، دراصل ایک شام میں تین تین شادیاں بھگتانا خاصا مشکل ہے لیکن اچھا ہوا کہ آپ سے ملاقات ہوگئی‘۔
Pakistan Image