اسلام آباد(پاکستان امیج)سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن کی کوئی ساکھ نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن بے معنی ہوگا، سائفر کیس کوئی بڑی بات نہیں ، سرخرو ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا اس پر ن لیگ کو بڑی امید تھی،سپریم کورٹ کا اکثریت کا فیصلہ خوش آئند ہے،فیصلے کے بعد دیکھتے ہیں نواز شریف کیا بیانیہ بناتے ہیں،ان کا کہناتھاجہانگیر ترین اور نواز شریف سپریم کورٹ فیصلے کے بعد تو رہ گئے ہیں، الیکشن ایکٹ کی ترمیم کو اس فیصلے کےساتھ نہیں لگا سکتے۔
چودھری پرویز الٰہی نے جیل میں سہولیات کے فقدان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ جیل میں جیل والا کھانا دیاجارہا ہے جس سے کل سے پیٹ خراب ہے،جیل والے سہولیات کیلئے کسی عدالت کا حکم نہیں مان رہے،ان کا کہنا تھا کہ جیل میں مجھے ذاتی معالج سے علاج کی سہولت نہیں دی جا رہی،سیل کے سامنے والی دیوار کو بھی تاحال نہیں ہٹایا گیا،جیل میں اخبار اور ٹیلی ویژن کی سہولت نہیں دی جارہی ہے،جج صاحب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ کیا، میرے سیل کا نہیں۔
Pakistan Image