اسلام آباد(پاکستان امیج)سوشل میڈیا پر معصومیت سے دل جیتنے والے چائلڈ اسٹار عمر شاہ کی اچانک وفات نے نہ صرف ان کے مداحوں کو غمزدہ کیا بلکہ ان کے قریبی دوست محمد شیراز کو بھی رلا دیا۔
شیراز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی بہن مسکان کے ساتھ موجود تھا۔ ویڈیو میں شیراز نے عمر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت دکھ ہے کہ ہمارے پیارے دوست عمر شاہ اب ہم میں نہیں رہے۔ جب میں اسکول سے واپس آیا تو ان کی موت کی خبر سنی جو میرے لیے بہت تکلیف دہ تھی۔
شیراز نے یہ بھی کہا کہ وہ اب تک اس حقیقت کو قبول نہیں کر پا رہا کہ عمر اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ ویڈیو کے اختتام پر شیراز نے عمر شاہ کی مغفرت کی دعا بھی کی اور ان کے ساتھ اپنی آخری ملاقات کی ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کی، جس نے دیکھنے والوں کو جذباتی کر دیا۔
View this post on Instagram
یاد رہے کہ پیر کی صبح پاکستان کے مشہور ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ جو پیچھے تو دیکھو جیسے جملے سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے نے فیس بک کے ذریعے اپنے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے انتقال کی خبر دی تھی۔
اہلِ خانہ کے مطابق، عمر کی طبیعت رات میں اچانک خراب ہوئی۔ انہیں قے کی شکایت ہوئی جس کے بعد کوئی چیز ان کی سانس کی نالی میں پھنس گئی۔ فوری طور پر انہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا مگر بدقسمتی سے عمر جانبر نہ ہو سکے اور فجر کے وقت خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ننھے عمر کی موت نے ہزاروں دلوں کو غمزدہ کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے لیے دعاؤں اور خراجِ عقیدت کا سلسلہ جاری ہے۔
Pakistan Image