لاہور (پاکستان امیج )لاہور کے تھانہ سول لائن کی حدود میں عمران خان کی سپریم کورٹ سے 8 مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں ایک فیملی نے چند لوگوں کے ہمراہ مٹھائیاں تقسیم کیں جو پولیس کو گورا نہ ہوا تو بچوں سمیت فیملی کو اٹھا کر تھانے لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایس ایچ او سول لائن، لاہور ندیم کمبوہ نے 3، 4 اور 5 سال کی 3 بچیوں اور 2 سالہ کے بچے کو والدین سمیت اور دو خواتین کو گرفتار کیا، ان سب کا جرم عمران خان کی ضمانتیں منظور ہونے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنا تھا، بےغیرتی کی انتہا ہے۔‘‘
ایس ایچ او سول لائن، لاہور ندیم کمبوہ نے 3، 4 اور 5 سال کی 3 بچیوں اور 2 سالہ کے بچے کو والدین سمیت اور دو خواتین کو گرفتار کیا، ان سب کا جرم عمران خان کی ضمانتیں منظور ہونے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرنا تھا، بیغیرتی کی انتہا ہے۔#PakistanUnderMartialLaw pic.twitter.com/S1ASZMSEMG
— Qasim Khan Suri (@QasimKhanSuri) August 21, 2025
قاسم خان کی جانب سے جاری کر دہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین تھانے میں موجود ہیں اور وہاں بیٹھا پولیس اہلکار کمرے میں سیگریٹ پی رہا ہے جبکہ اس موقع پر وہ خواتین اور بچوں کی موجودگی کا بھی احساس نہیں کر رہا۔
پی ٹی آئی کے آفیشل پیج پر جاری پیغام میں بتایا گیا کہ آخر کار ننھے بچوں اور فیملی کو رہا کروا لیا گیاہے ، مزید کہا کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ پاکستان میں 2 سے5 سال کے بچوں کو مٹھائی بانٹنے پر تھانے میں حبس بےجا میں رکھا گیا، عمران خان کی ضمانت کی خوشی میں مٹھائی بانٹنے والے ریاست کے ننھے دشمن بالآخر رہا۔
سوشل میڈیا پر گرفتار کی ویڈیو ز وائرل ہونے کے بعد تھانہ سول لائنز کے ایس ایچ او ندیم کمبوہ پر صارفین کافی سیخ پا دکھائی دے رہے ہیں ۔
Pakistan Image