پشاور(پاکستان امیج)خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے جبراڑئی اور سلارزئی میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کے باعث 16 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ 7 افراد لاپتا ہیں۔
ریسکیو 1122 باجوڑ کے کنٹرول روم کو تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں شدید بارش (کلاؤڈ برسٹ) کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 باجوڑ نے ڈیزاسٹر، میڈیکل اور غوطہ خور ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیں۔
ریسکیو 1122 اہلکاروں نے مقامی افراد کے تعاون سے اب تک 16 جاں بحق اور 3 زخمیوں کو ملبے اور پانی سے نکال لیا ہے۔ زخمیوں کو ایمبولینس میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ مقامی افراد کے مطابق اب بھی تقریباً 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
باجوڑ، دیر لویر اور بالاکوٹ سے ہولناک واقعات کی اطلاعات موصول ہوئیں، جہاں آسمانی بجلی گرنے، چھتیں گرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔
تحصیل سالارزو جبراڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
تحصیل میدان سوری میں طوفانی بارش کے باعث ایک رہائشی مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ ملبے تلے دبے 7 افراد کو نکال لیا گیا، جن میں سے 3 جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔
ادھر بالاکوٹ کے علاقے مہانڈری میں واقع منور بیلہ کے مقام پر دیر سے تعلق رکھنے والے تین مزدور فلیش فلڈ کے باعث دو نالوں کے درمیان پھنس گئے تھے۔
تینوں افراد نوید اللہ، سجاد اور عیان خان ٹربائن پر کام کے بعد واپس جا رہے تھے جب طغیانی کی زد میں آ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو زندہ بچا لیا۔
سوات میں سیلابی ریلہ
موسلادھار بارش سے سوات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے باعث مالم جبہ روڈ بھی متاثر ہوا۔
ڈپٹی کمشنر سوات کے مطابق مالم جبہ جبہ روڈ کا 400 میٹر حصہ گل میرہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ گیا، سیاح اگلے اعلان تک مالم جبہ روڈ پر سفر سے گریز کریں۔
مینگورہ خوڑ میں طغیانی جبکہ سیلابی پانی مکانات اور دکانوں میں داخل ہوگیا، دریائے سوات کے بہاو میں بھی اضافہ ہوگا۔
مکانباغ اور ملابابا کے علاقے زیر آب آگئے جس کے باعث لوگوں نے عمارتیں خالی کر دیں۔
مینگورہ خوڑ، ہزارہ خوڑ، خوازہ خیلہ سمیت دیگر مقامات میں طغیانی کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام سے خوڑ اور دریا کے قریب جانے سے گریز کی اپیل ہے، بارش کے باعث دریائے سوات کے بہاو میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بارش میں سیاح اور مقامی لوگ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
مینگورہ شہر، تحصیل چارباغ، خوازہ خیلہ، مدین، کبل اور بریکوٹ میں سیلاب صورتحال ہیں۔
سوات سیدو شریف روڈ پر پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے دریا کنارے آبادی میں پانی داخل ہوگیا۔
لوئر دیر
شدید بارشوں سے شاہی اور شاہی کوٹ میں ندی نالیوں میں طغیانی آنے سے درجنوں سیاح پھنس گئے تھے، اطلاع ملنے پر لوئر دیر اور اپر دیر کے ریسکیو اہلکار اور ڈیسزاٹر ٹیم ایمبولینسز کے ہمراہ پہنچے۔
ریسکیو کی ٹیم نے 25 سے زائد پھنسے سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
ریسکیو 1122 دیر لوئر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو قیمتی جانیں بچا لیں۔ میدان حیاسیرے (ریدگے پل) کے مقام پر ندی (خوڑ) کے بیچ سیلابی ریلے میں دو افراد پھنس گئے تھے۔
واٹر ریسکیو ٹیم نے بروقت اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو محفوظ طریقے سے زندہ سلامت نکال لیا۔
Pakistan Image