اسلام آباد (پاکستان امیج )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے دونوں فریقوں کو قریب لانے کے لیے معاہدہ کرانے میں مدد دی، معاہدہ جنوبی قفقاز میں امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ایک ایسا خطہ جو دہائیوں سے تنازعات اور انسانی المیوں کا شکار رہا ہے، تاریخی معاہدے پر صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد۔ پاکستان ہمیشہ برادر ملک آذربائیجان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے، پاکستان امن کے لیے امریکہ کے سہولت کار کردار کو سراہتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز آذربائیجان کے صدر اور آرمینیا کے وزیراعظم کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا تھا جہاں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔
Pakistan Image