اسلام آباد(پاکستان امیج)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔اسلام آباد راولپنڈی میں مزید بارش ہونے کی توقع ہے۔
خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور ژوب میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 4 سے 7 اگست کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ جس کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اگست کوسندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
Pakistan Image