کراچی(پاکستان امیج)کراچی ایئرپورٹ پر تعینات پاکستان ایئر انٹرنیشنل (پی آئی اے) کے ایک ملازم کو مسافر کا سامان چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ واقعہ اس وقت منظرعام پر آیا جب لاہور سے آنے والی ایک خاتون مسافر نے اپنا سامان غائب ہونے کی شکایت درج کروائی۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق خاتون مسافر پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچی تھیں۔ سامان نہ ملنے پر انہوں نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ سے رابطہ کیا جس پر ڈیوٹی ٹرمینل منیجر غزالہ صدیقی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کی۔
انتظامیہ نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں پی آئی اے کا ملازم طارق علی مشکوک انداز میں سامان کے ہمراہ نظر آیا۔
طارق علی نے مبینہ طور پر اندرونِ ملک روانگی لاؤنج سے باہر نکلنے کی کوشش کی جس دوران وہ ویجیلنس ٹیم سے الجھ پڑا تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ائیرپورٹ حکام نے سامان برآمد کر کے مسافر کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق طارق علی کا تعلق پی آئی اے انجینئرنگ شعبے سے ہے اور اس پر ماضی میں بھی نجی ایئرلائن کے مسافروں کے سامان چوری کے الزامات لگ چکے ہیں۔
مزید تحقیقات کے لیے اس کا ائیرپورٹ انٹری پاس ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے بعد اے ایس ایف (ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس) کو بھی طلب کر کے طارق علی کو ان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو طارق علی کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Pakistan Image