اسلام آباد(پاکستان امیج)کے پی سے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کے معاملے پرفریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں کے پی سے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں5رکنی بنچ نے سماعت کی، وکیل مسلم لیگ ن نےکہاکہ میرے امیدوار کو 22فروری کو نوٹیفائی کیاگیا،اس کے 3دن تو اسی روز سے شمار ہوتے ہیں،اب میرے امیدوار کو حق رائے دہی سے محروم نہیں کیا جا سکتا، جے یو آئی اور ہماری جنرل سیٹیں برابر تو مخصوس نشستیں کیوں نہیں،ہمیں 8اور جے یو آئی کو 10سیٹیں کیسے دی جا سکتی ہیں؟دونوں جماعتوں کو 9،9مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں تھیں،قانون کےمطابق نشستیں برابر ہونےپر ٹاس ہو سکتا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے وکیل نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں ہم ایک سیٹ جیتے ہیں،عام انتخابات نتائج کےمطابق نشستیں دی جائیں، ضمنی انتخابات کے مطابق نہیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن دو مراحل میں ہوئے،پہلے تو سنی اتحاد کونسل والا معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔
وکیل پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے کہاکہ جنرل نشستوں کےمطابق ہی مخصوص نشستیں ملتی ہیں،جتنی جنرل نشستیں ہوں گی اتنی ہی مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں،سب سے اہم مسئلہ آخری تاریخ کا تعین کرنا ہے،قانون میں نہیں کہ کس تاریخ تک مخصوص نشستوں کافیصلہ کرنا لازم ہے،ضمنی الیکشن کو بھی دیکھا گیا معاملہ مزید گھمبیر ہو جائے گا ۔
ممبر سندھ نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں سیٹیں کم ہو جائیں تو کیا مخصوص نشستیں بھی کم ہو سکتی ہیں؟وکیل پی ٹی آئی پی نے کہاکہ جی نہیں ،اسی صورت میں مخصوص نشستیں واپس نہیں لی جا سکتیں،تحفظات ہیں ہمارے دو نمائندوں کو ایک شمار کیا گیا،نوٹیفکیشنزکے ساتھ دیکھا جائے تو ہماری 2مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
Pakistan Image