اسلام آباد (پاکستان امیج) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عثمان ڈار والے کیس میں میرا ردعمل دینا بنتا ہی نہیں، عثمان ڈار کی والدہ کے لیے میرے دل میں بڑی عزت ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عثمان ڈار کی والدہ میرے لیے بڑی بہنوں جیسی ہیں، ان کی بہت عزت کرتا ہوں، عثمان ڈار کے گھر والوں کے بیانات میں خاصے تضاد ہیں، ان کے گھر والے والدہ اور بھائی اپنے بیانات کو پہلے آپس میں ملا لیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو ایک ہی دن ایک ہی وقت میں ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، 9 مئی کے واقعات پر اب یہ لوگ خود شہادتیں دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ عثمان ڈار کی والدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ سیاست عثمان نے چھوڑی ہے میں نے نہیں، انہوں نے سیاسی مخالفین کو للکارتے ہوئے کہا تھا کہ جو تم چاہتے تھے تم نے کرلیا ، اب میں تمہارا مقابلہ کروں گی۔اب سیاسی میدان میں پتہ چلے گا کہ میں ’’شیر ‘‘کا کیا حشر کرتی ہوں۔
Pakistan Image