نئی دہلی (پاکستان امیج) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نےسینٹرل کنٹریکٹ پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
بابراعظم نے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے کہا کہ تاریخی معاہدے میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے ذاتی دلچسپی لی، انہوں نے کہا کہ بورڈ سے مذاکرات ایک طویل اور مشکل مرحلہ تھا، سینٹرل کنٹریکٹ پاکستان کرکٹ کے لیے نیا باب ثابت ہوگا، قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مینز کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔تین سال کے کنٹریکٹ کے لیے کامیابی کے ساتھ تمام معاملات طے پاگئے، سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک ہوں گے۔ پی سی بی کے مطابق 25 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ پیش کیا گیا ہے، معاہدے میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے جبکہ ریڈ بال اور وائٹ بال کے کنٹریکٹس کو اکٹھا کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق اس کا فیصلہ کنٹریکٹ کمیٹی کی تجویز پر کیا گیا ہے، نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 127 سے 202 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔تین سالہ کنٹریکٹ کے دوران ہر 12 مہینے کے بعد کھلاڑیوں کی پر فارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری اے میں کپتان بابر اعظم ،محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری بی میں فخر زمان، حارث رؤف ، امام الحق ، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان کو شامل کیا گیا ہے ۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری سی میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔ ڈی کیٹیگری میں فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ ،محمد حارث ، وسیم جونیئر، صائم ایوب، سرفراز احمد، سلمان آغا، سعود شکیل، شاہنواز داھانی، شان مسعود ، اسامہ میر اور زمان خان کو رکھا گیا ہے۔
Pakistan Image