لاہور (پاکستان امیج )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کل(8دسمبر) سرکاری دورے پر چین روانہ ہوں گی -وزیراعلی مریم نواز شریف حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے بین الاقوامی ترقی کے شعبے کی دعوت پر چین کا 8روزہ دورہ کریں گی – 8 سے 15 دسمبر تک دورہ چین میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح10رکنی وفد بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ہو گا-وزیراعلی مریم نواز کے لیے بیجنگ، شنگھائی، شن ژین اور گوانگ ژو کے دوروں کا بھی خصوصی اہتمام کیاگیا ہے -وزیراعلیٰ دورہ چین میں سی پی سی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیوجیان چاؤ سے ملاقات کریں گی جبکہ نائب وزیر سن حیان وزیراعلیٰ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گی-وزیراعلیٰ کی سی پی سی کی مرکزی قیادت او رچین کے وزیر ماحولیات سے بھی ملاقاتیں شیڈول میں شامل ہیں –
وزیراعلیٰ مریم نواز کو شی جی تان ہسپتال کے خصوصی دورے کے دوران چین میں صحت عامہ کے نظام پر بریفنگ دی جائے گی- وزیراعلی مریم نواز بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا دورہ کریں گی-وزیراعلیٰ کیلئے سائنس پارک، ماحولیاتی بہتری کی ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور جدید سائنسی طریقوں کے استعمال سے متعلق اداروں کے دورے بھی پروگرام میں شامل کیے گئے ہیں – وزیراعلیٰ دورہ چین کے دوران درآمدی اشیا کی نمائش میں شرکت کریں گی اور سی پی سی سینٹرل کانگریس اور میوزیم کابھی دورہ کریں گی- وزیراعلیٰ خصوصی طورپر چین کے ایک پرائمری سکول کا دورہ کریں گی جہاں انہیں چین میں تعلیمی نظام پر بریفنگ دی جائے گی-
وزیراعلیٰ مریم نواز قابل تجدید توانائی کے نظام کا جائزہ لینے کیلئے جیانگ ڈنگ ری نیوایبل انرجی فسیلیٹی کا بھی دورہ کریں گی -وزیراعلیٰ ہوائی ٹیکنالوجیز فیکٹری کا دورہ بھی کریں گی-پنجاب چائنا ڈنر، پنجاب انویسٹمنٹ کانفرنس بھی وزیراعلیٰ کے دورے کے شیڈول میں شامل ہے -چین کی حکمران جماعت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہو گی -چین اور صوبہ پنجاب میں اشتراک عمل اور معاشی تعاون کے امکانات پر بھی پیش رفت متوقع ہے-
Pakistan Image