پشاور (پاکستان امیج )اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی جانب سے مسلسل پارٹی قیادت پر تنقید پر خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی قیادت کا موڈ خراب ہونے لگا، سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی بھی علیمہ خان کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں پر پھٹ پڑے۔
ایک انٹرویو کے دوران شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ علیمہ خان پارٹی میں انتشار کا باعث بن رہی ہیں اور ان کے فیصلوں کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں۔ ’پارٹی میں موروثی سیاست نہیں جو علیمہ خان کے فیصلوں کو مانا جائے، ان کے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں اور نہ ہی بانی چیئرمین نے انہیں کہیں دوروں کی ہدایت کی ہے۔‘علیمہ خان پارٹی میں انتشار کا سبب بن رہی ہیں۔انکے کسی فیصلے کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں۔شوکت یوسف زئی کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی حکومت کو کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں لیکن جب تک علی امین گنڈاپور کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے اس وقت تک ان کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اور جس دن عمران خان انہیں ہٹانا چاہیں تو وہ خود ہی استعفیٰ دیدیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو علیمہ خان نے پشاور اور مردان میں جیل کاٹنے والے پارٹی کارکنوں اور ان کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر کارکنان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پارٹی کی صوبائی قیادت کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے تھے، اس سے قبل علیمہ خان نے اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے پر بھی پارٹی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔علیمہ خان کے ہمراہ ایم این اے شاندانہ گلزار اور پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ بھی موجود تھیں، ذرائع کے مطابق انہوں نے یہاں بھی پارٹی قیادت سے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔علیمہ خان نے کارکنان کے ہمراہ خود عمران خان کی رہائی کے لئے مہم چلانے کا اعلان بھی کیا تھا، پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے اس دورے سے متعلق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت کسی صوبائی کابینہ کے رکن کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔
Check Also
رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …
Pakistan Image