پشاور(پاکستان امیج) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے صوبائی وزیر تعمیر ات ومواصلات شکیل احمد خان کے استعفیٰ کے حوالے سے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک تحریری استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔ کمیٹی نے شکیل خان کو کابینہ سے ہٹانے کی سفارش کی۔ شکیل خان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی سمری پر دستخط کر کے گورنر کو بھیج دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شکیل احمد خان پر اختیارات سے تجاوز اور کرپشن کی شکایات آئیں تھیں جس پر کمیٹی نے اپنی تحقیقات میں انہیں ذمہ دارقرار دیاتھا کمیٹی کی سفارشات کے بعد ہی انہیں کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔جبکہ صوبائی وزیر شکیل احمد کا موقف ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور میرے محکمے میں مداخلت کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔
اس لئے ایسے ماحول کام کرنا میرے لئے مشکل ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے اختلافات کے باعث خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورس شکیل احمد خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔مستعفی صوبائی وزیر نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو بھجوادیاتھا۔ شکیل خان کا کہنا تھا کہ کابینہ سے استعفیٰ دینے کی وجوہات ایوان میں بتاﺅں گا۔
میں اپنے آپ کو تمام فورمز پر احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔صوبائی وزیر شکیل خان نے الزام عائد کیا تھاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت اپنے بنیادی اصولوں اور وعدوں پر سمجھوتا کر رہی ہے۔ حکومت اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ خراب حکمرانی اور بدعنوانی نے پارٹی کا منشور تباہ کردیا ہے۔شکیل خان کایہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ ان کے محکمے میں مداخلت کر رہے تھے۔
صوبے میں کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث کام نہیں کر پا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے اختلافات اصولوں کی بنیاد پر ہیں لیکن میرا ووٹ بانی پی ٹی آئی کا ہے۔ صوبے میں کرپشن اور بیڈگورننس کے خلاف آواز بلند کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔
Pakistan Image