لاہور (پاکستان امیج) پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے گڑھ پنجاب کو فتح کرنے کیلئے آصفہ بھٹو کو ٹاسک سونپ دیا، سرگرمیوں کا مرکز بلاول ہاؤس لاہور بنے گا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کےمطابق پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) اجلاس کی اندرونی کہانی باہر آ گئی۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے رہنما شریک ہوئے۔ بلاول بھٹو نے فیصلوں کا بیانیہ ترتیب دینے کیلئے فرحت اللہ بابر اور دیگر کو ٹاسک سونپ دیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق اور موجودہ رویوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ممبران نے موقف اپنایا کہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کا مشکل حالات میں ساتھ دیا، انہوں نے ہمیشہ مخالفت کی۔ ممبران پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کیلئے حکومت پنجاب کا تعاون پری پول دھاندلی قرار دیا۔پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے ممبران نے موقف اپنایا کہ ہمار ے ممبران کو پرویز خٹک کی پارٹی میں شمولیت کا کہا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران بلاول نے سندھ کی طرز پر لاہور سینٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مہم چلانے پر اتفاق کیا، آصفہ بھٹو بھی انتخابی مہم چلائیں گی۔ بلاول ہاوس لاہور میں ڈیرے ڈالیں گی، مسلم لیگ (ن) کے گڑھ پنجاب کو فتح کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی آئین کی پاسداری پر ڈٹی رہے گی۔ قانون کے مطابق الیکشن بروقت کرانے کے موقف پر قائم رہیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو آج سہ پہر کشمیری وفد سے ملاقات کریں گے جس کے بعد سی ای سی اجلاس کے فیصلوں پر پریس کانفرنس کا امکان ہے۔
Pakistan Image