پشاور(پاکستان امیج)خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق بجٹ میں گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 10 فیصد کیا گیا تھا جنہیں بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 17 سے اوپر تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم کے مطابق پنشن میں بھی مزید 10 فیصد اضافہ کر لیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ایک سے 16 گریڈ کے ملازمین کے لیے 25 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کے لیے 20 فیصد جبکہ پنشن 15 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ مشیر خزانہ کے مطابق اب وفاق کی طرز پر خیبر پختونخوا کابینہ نے بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں میں مزید اضافے کا اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔تنخواہوں میں اضافے سے صوبے کے خزانے پر 75 سے80 ارب روپے کا مزید بوجھ پڑے گا۔
Pakistan Image