راولپنڈی (پاکستان امیج )راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران عمران خان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چودھری کی کمرہ عدالت میں موجودگی پر برہم ہوگئے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی، سماعت کے دوران عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا، پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا، نیاز اللہ نیازی، علی ظفر، شعیب شاہین بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی دانیال چودھری کی موجودگی پر برہم ہو گئے، انہوں نے سوال کیا کہ ہمارے ممبر قومی اسمبلی باہر بیٹھے ہیں، تم کیسے اندر آ گئے؟ عمران خان کی جانب سے غصہ کرنے پر بیرسٹر دانیال کمرہ عدالت سے واپس چلے گئے۔بعد ازاں وکلا صفائی نے ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 21 جون تک ملتوی کردی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 4 گواہان جرح کے لئے طلب کرلئے۔
بعد ازاں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چودھری نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ میں آج بطور وکیل جیل میں ٹرائل کی سماعت دیکھنے آیا تھا، یہاں دیکھا ان کو ہر قسم کی سہولیات دی جارہی ہیں، پاکستان میں غریب عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں، شفاف ٹرائل کے ذریعے ان کے سارے کرتوت سامنے لائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جیل ٹرائل کو کا مشاہدہ کرنے کے لئے ہماری کسی نے ڈیوٹی نہیں لگائی ہے، ہم نے میاں نواز شریف کا ٹرائل بھی یہاں دیکھا ۔واضح رہے کہ 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جبکہ 22 پر جرح مکمل کرلی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر 190 ملین پاونڈز کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا نے نئے جج کی تعیناتی پر اعتراض واپس لے لئے تھے۔
واضح رہے کہ 6 جون کو سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاو¿نڈ ریفرنس کی سماعت کرنے والے احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا تھا، بعد ازاں مقدمہ نئے جج محمد علی وڑائچ کے پاس سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا تھا۔
Pakistan Image