لاہور (پاکستان امیج )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بھی قومی ٹیم کی امریکہ کے ہاتھوں شکست پر خاموشی توڑتے ہوئے بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا ہے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں بابر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں میں کوئی اضافہ یا ترقی نہیں دیکھی۔
تفصیلات کے مطابق2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلنے والے سابق کپتان شعیب ملک کا ماننا ہے کہ کپتانی کے حوالے سے بابر اعظم کا نقطہ نظر سخت اور غیر لچکدار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اپنے طے شدہ منصوبوں پر قائم رہتے ہیں، خواہ وہ کارگر ثابت نہ ہوں اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھال نہ سکیں۔
شعیب ملک نے یہ بھی نشاندہی کی کہ، بابر اعظم کی بیٹنگ کی حکمت عملی، جس میں مخصوص بیٹنگ پوزیشنوں پر کچھ کھلاڑیوں کو جگہ دینا بھی شامل ہے، چار سالوں میں تبدیل نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کی بات کرتے ہوئے میں اس کی گہرائی میں جانا چاہوں گا۔ آپ (بابر اعظم) نے اپنے ذہن میں ایک بلاکیج کھڑی کر رکھی ہے، یہی مسئلہ ہے۔ اگر آپ نے فیصلہ کیا ہے کہ شاداب خان کو ایک خاص نمبر پر بیٹنگ کرنی ہے اور اعظم خان اور افتخار احمد کو آخری اوورز میں بیٹنگ کرنی ہے اور آپ ایسا ہی کرتے ہیں تو یہ بلاکیج ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ، ایک اچھے کپتان کو وقت کے ساتھ ساتھ ترقی اور بہتری لانے کے قابل ہونا چاہئے، لیکن انہوں نے بابر اعظم کی کپتانی میں کوئی پیش رفت نہیں دیکھی۔
Pakistan Image