فیصل آباد (پاکستان امیج )بارشوں نے کٹائی کی تمام تیاریوں پر پانی پھیر دیا ، پنجاب میں گندم ضائع ہو نے کا خدشہ، کسان پریشان ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بارش سے صوبہ پنجاب میں فی ایکڑ 4 سے 5 من گندم کے ضائع ہو نیکا خدشہ ہے،فیصل آباد سمیت پنجاب میں گندم کی کٹائی کا آغاز روائتی طور پر پنجابی کلینڈر کے مہینے پانچویں مہینے “بیساکھ” سے ہوتا ہے۔ اس لئے دیہی علاقوں میں یکم بیساکھ کا دن خوشی کے تہوار “بیساکھی یا وساکھی” کے طور پر منایا جاتا ہے۔ تاہم اس بار “بیساکھ” کی آمد کے ساتھ ہی شروع ہونے والے بارشوں نے فیصل آباد سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں گندم کی فصل کو جزوی نقصان پہنچانے کے علاوہ کٹائی کے عمل کو تاخیر کا شکار کر دیا ہے۔
“جنگ ” کے مطابق کسان بورڈ کے سربراہ سردار ظفر حسین خان نے کہا ہے کہ اس سال 32.11 ملین ٹن گندم کی پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیاہے جس میں پنجاب سے 25 ملین ٹن، سندھ سے 4 ملین ٹن، خیبر پختونخوا سے 1.2 ملین ٹن اور بلوچستان سے 1.5 ملین ٹن گندم حاصل ہونے کی توقع ہے۔ فیصل آباد میں کٹائی سے پہلے ہونے والی بارش کی وجہ سے کسان پریشانی کا شکار ہیں۔کسانوں نے گندم کی کٹائی کرنے کے لئے تمام انتظامات کر لئے تھے لیکن بارش نے تمام تیاریوں پر پانی پھیر دیا۔ بارش کی وجہ سے گندم کے بھاری ہونے کے بعد جب ہوا چلتی ہے تو گندم کی فصل زمین بوس ہو جاتی ہے جس سے کٹائی ناممکن ہو جاتی ہے۔
کسان بورڈ کے سربراہ سردار ظفر حسین خان کے مطابق پنجاب کے جنوبی اضلاع میں جہاں گندم کی کٹائی جاری تھی، بارش کے باعث نہ صرف کٹائی کا عمل متاثر ہوا ہے بلکہ کٹائی کے بعد کھیتوں میں جمع ہونے والی گندم کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں گندم سے حاصل ہونے والے بھوسہ بھی ضائع ہوا ہے جو کہ مویشیوں کے لیے سال بھر کی خوراک کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں فی ایکڑ چار سے پانچ من گندم کے ضائع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
دوسری جانب زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کسانوں کو اس بارش کی وجہ سے جزوی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن اس کے باوجود گندم کی مجموعی پیداواراب بھی ہدف سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
Pakistan Image