اسلام آباد (پاکستان امیج)یوم پاکستان پر وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہےکہ 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، 1940 میں اسی دن قرار داد لاہور کے ذریعے علیٰحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا، لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنےکا فیصلہ کیا اور ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے بےمثال قربانیاں دیں۔آج کے دن پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے اپنے عزم کی تجدیدکریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنا تو نئی ریاست کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، سماجی، اقتصادی ڈھانچے، ریاستی اداروں کی تشکیل اور مہاجرین کی آبادکاری بڑے چیلنج تھے، نئی ریاست کو انتہائی کم وسائل کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرنا پڑا، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام نے 8 فروری 2024 کے انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، الیکشن کے نتیجے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتیں وجود میں آ چکی ہیں، ہم پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، مہنگائی، بےروزگاری، گردشی قرضہ، مالیاتی اور تجارتی خسارہ، دہشت گردی چیلنج ہیں۔بحیثیت قوم ہم نے غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے، ایک مربوط پالیسی اصلاحات کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو معاشی بحالی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنےکیلئے پرعزم ہیں، امید ہے ان اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم مہنگائی پر قابو پالیں گے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ آئیے آج کے دن پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے اپنے عزم کی تجدیدکریں۔
Pakistan Image