اسلام آباد(پاکستان امیج)سیشن کورٹ میں عدت میں نکاح کیس کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ دیر تک سماعت سے متعلق قانون کیا کہتا ہے؟وکیل صفائی نے کہاکہ عدت میں نکاح کیس اتنا کمزور ہے کہ ابتدائی دلائل پر ہی کیس ختم ہو جائے گا، عدالت نے سلمان اکرم راجہ کے آنے تک کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی،وکیل صفائی سلمان صفدر سیشن جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں پیش ہوئے ،شکایت کنندہ خاور مانیکا کی جانب سے وکیل رضوان عباسی نے وکالت نامہ جمع کرا دیا۔
وکیل صفائی نے کہا کہ رضوان عباسی نے سزا دلانے کیلئے رات تک سماعت کروائی مگر اب موجود نہیں، سب کے سامنے ہے جس طرح سے یکے بعد دیگرے3سزائیں سنائی گئیں، اسی لیول کیساتھ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت ہونی چاہئے،اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہورہی ہے،وکیل صفائی نے استدعا کی کہ آپ کی عدالت میں بھی سماعت ایسے ہی ہونی چاہئے، سیشن جج نے کہاکہ رضواں عباسی کے معاون وکیل آئے تھے انہوں نے بتایا کہ آج ہی دلائل دیں گے ،وکیل سلمان صفدر نے کہاکہ سلمان اکرم راجا آج 2بجے پہنچ جائیں گے،خود دلائل دیں گے،سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ دیر تک سماعت سے متعلق قانون کیا کہتا ہے؟وکیل صفائی نے کہاکہ عدت میں نکاح کیس اتنا کمزور ہے کہ ابتدائی دلائل پر ہی کیس ختم ہو جائے گا، عدالت نے سلمان اکرم راجہ کے آنے تک کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔
Pakistan Image