اسلام آباد(پاکستان امیج)سپریم کورٹ نے اغوائے برائے تاوان کے ملزمان کی بریت برقرار رکھنے کا تحریری فیصلہ جاری ہے جس میں کہا گیاہے کہ بیشتر مقدمات میں اصل ملزم ناقص تفتیش کی وجہ سے بری ہو جاتے ہیں، کہیں تفتیش ناقص ہوتی ہے کہیں گواہان کا عدم تعاون ملزمان کی بریت کی وجہ بنتا ہے ،گواہان کے تحفظ کیلئے کوئی میکانزم نہ ہونا بھی عدم تعاون کی بڑی وجہ ہے۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہاہے کہ ججز کی ذمہ داری ہے کہ ہر شخص کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں، ججز بغیر کسی خوف دباو کے آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنے کے پابند ہیں، ججز کا کام مقدمہ کے حقائق کے مطابق آئین اور قانون کا اطلاق ہے ، ججز کو کھلے ذہن کے ساتھ مقدمات کی سماعت کرنی چاہیے ، کسی جج کے کر دار پر شک نہیں، غلط فیصلوں کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں ،حقائق اور قانون کے خلاف فیصلہ دینے والے جج کیلئے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے جج کو درست فیصلے تک پہنچنے کیلئے اختیارات اور اس کے استعمال کا علم ہونا چاہیے ۔
فیصلے کے مطابق ناقص تفتیش کی وجہ سے کئی گہنگار بچ جاتے ہیں اور بے گناہوں کو سزا ہو جاتی ہے ، ٹرائل کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ آرٹیکل 9 اور 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل یقینی بنائے ، جرم ثابت نہ ہورہا ہو تو ٹرائل کورٹ کسی بھی مرحلے میں ملزم کو بری کر سکتی ہے ،، بیشتر مقدمات میں اصل ملزم ناقص تفتیش کی وجہ سے بری ہو جاتے ہیں، کہیں تفتیش ناقص ہوتی ہے کہیں گواہان کا عدم تعاون ملزمان کی بریت کی وجہ بنتا ہے ،گواہان کے تحفظ کیلئے کوئی میکانزم نہ ہونا بھی عدم تعاون کی بڑی وجہ ہے ، مدعی کے ذاتی عناد پر زیادہ ملزمان کی نامزدگی بھی قصور واروں کو بچانے کا سبب ہوتی ہے ، سستا اور فوری انصاف ہر شہری کا آئنی حق ہے ، ملک بھر میں ججز کی تمام خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کی جائیں ،حکومت کا فرض ہے کہ غیر ضروری اور جھوٹ مقدمات کا اندراج روکے ،یقینی بنایا جائے کہ جھوٹے مقدمات درج کرانے والے بچ نہ سکیں، جسٹس جمال خان مندو خیل نے 8 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا ۔
Pakistan Image