اسلام آباد(پاکستان امیج)8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد اس بار نگران حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا قوی امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے 31 جنوری سے 15 فروری تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جا سکتا ہے تاہم اس سے متعلق حتمی فیصلہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز کے بعد کیا جائے گا۔
اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے تو یہ یکم نومبر 2023 کے بعد پہلا اضافہ ہو گا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت 83 ڈالر سے بڑھ کر 89 ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 93 ڈالر سے بڑھ کر 97 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ کروڈ آئل بھی 76 ڈالر سے بڑھ کر 80 ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کے مستحکم ہونے کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کم اضافہ متوقع ہے، بصورت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں زیادہ اضافہ ہو سکتا تھا۔
Pakistan Image