اسلام آباد(پاکستان امیج)سپریم کورٹ میں جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کیس میں شعیب شاہین نے شیخ رشید، صداقت عباسی اور دیگر کی گمشدگیوں کا معاملہ اٹھا دیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کیس کی براہ راست سماعت ہوئی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،چیف جسٹس پاکستان نے پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے صفحہ نمبر 3پر خواجہ آصف کا بھی نام لکھا ہوا ہے،خواجہ آصف تو مسلم لیگ ن کے رہنما ہیں،آپ کے پاس اتھارٹی ہے کہ اتنے سارے نام لکھیں؟آپ ہمارا مذاق اڑائیں گے تو ہم آپ کو اس کی اجازت نہیں دیں گے۔
چیف جسٹس نے شعیب شاہین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کو سیاسی باتیں نہیں کرنے دینگے، پاکستان میں جو شخص عہدے پر ہوتا ہے وہ دوسرے پر ذمہ داری ڈال دیتا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ صادق سنجرانی کس پارٹی کے ہیں؟شیریں مزاری پی ٹی آئی کی وزیر تھیں،صادق سنجرانی پی ٹی آئی کے ووٹ سے سینیٹر بنے،چیف جسٹس نے شعیب شاہین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی اپنی پارٹی کے شخص نے مسنگ پرسن بل غائب کردیا،کمیٹی کے پاس سے بل نکلا اور سینیٹ سے غائب ہو گیا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا یہ سب لوگ خود ہمارے سامنے درخواستگزار بنے ہیں؟کیا یہ سب وہ لوگ ہیں جو خود وسائل نہیں رکھتے کہ عدالت آ سکیں؟جو شخص دھرنا کیس میں نظرثانی لا سکتا ہے کیا اپنا کیس نہیں لگا سکتا،کل شیخ رشید کہہ دیں انہیں کوئی مسئلہ نہیں، شعیب شاہین کون ہیں میرا نام لینے والا؟۔
Pakistan Image