اسلام آباد(پاکستان امیج)حلقہ بندی کیس میں سپریم کورٹ نے انتخابات میں تاخیر کرنے کی ایک اور درخواست مسترد کردی،سپریم کورٹ نے کہاکہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہو سکتیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں حلقہ بندی کیس کی سماعت ہوئی، قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی، درخواست گزار نے بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا،درخواست میں انتخابی حلقہ بندی پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔
قائم مقام چیف جسٹس نے کہاکہ عام انتخابات کی تاریخ آنے سے ملک میں تھوڑا استحکام آیا ہے،کیا آپ ملک میں استحکام نہیں چاہتے؟عام انتخابات کی تاریخ آنا کوئی معمولی بات نہیں۔
وکیل درخواست گزار قمر افضل نے کہاکہ انتخابی حلقہ بندی کے حوالے سے غلط فیصلہ کیا گیا،جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکہ الیکشن پروگرام ہو چکا اب کچھ نہیں ہو سکتا،انفرادی درخواستوں پر فیصلہ دینے لگ گئے تو الیکشن عمل متاثر ہوگا، عام انتخابات کیلئے 8فروری کی تاریخ کو ڈسٹرب نہیں کرینگے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر آپ انتخابات وقت پر نہیں چاہتے تو عدالت میں بیان دیں، الیکشن کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ انتخابات میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے،کسی کو الیکشن تاخیر کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔
عدالت نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 12میں حلقہ بندی سے متعلق نظرثانی درخواست خارج کردی،سپریم کورٹ نے کہاکہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہو سکتیں۔
Pakistan Image