لاہور (پاکستان امیج) حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کی دلہن انمول محمود کے شادی کی تقریبات پر پہنے گئے دیدہ زیب لباس ان دنوں سوشل میڈیا پر گفتگو کا محور بنے ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق گزشتہ روز 26 نومبر کو امام الحق اور انمول محمود کے ولیمے کی تقریب لاہور میں ہوئی جس میں کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم سمیت کئی معروف کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
کرکٹر کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر منگل کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا جس میں انمول نے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کا جوڑا زیب تن کیا۔اس جوڑے کی قیمت 15 لاکھ 50 ہزار روپے تھی جو کہ سرخ ، نارنجی اور سنہرے رنگ کا تھا۔
امام الحق اور انمول کے لیے 23 نومبر کو لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں بھی سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے شرکت کی، اس تقریب میں امام الحق استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی گنگناتے دکھائی دیے۔
View this post on Instagram
انمول محمود نے قوالی نائٹ کے لیے بھی حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کا انتخاب کیا اور سِلور رنگ کی میسکی پہنی جب کہ امام الحق نے اس تقریب کے لیے سیاہ رنگ کا کرتا پاجامہ منتخب کیا۔
جب حسن شہریار یاسین کی ٹیم سے اس جوڑے کی قیمت جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے اس لباس کی قیمت 8 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی۔
25 نومبر کو ہونے والے نکاح میں انمول محمود نے خوبصورت ساڑھی پہنی جس کے سوشل میڈیا پر چرچے رہے، کئی افراد نے اس ساڑھی کو بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کی ریسیپشن (ولیمے) میں پہنی گئی ساڑھی جیسا کہا۔
امام الحق کی دلہن نے ڈیزائنر زینب سلمان کی ساڑھی پہنی جس پر ہاتھ سے کام کیا گیا۔
View this post on Instagram
جیو ویب کو زینب سلمان سٹوڈیو نے تصدیق کی کہ یہ ساڑھی خاص طور پر انمول کی فرمائش پر بنائی گئی جس کی قیمت 10 لاکھ روپے تھی۔
اس کے علاوہ کچھ اور ویڈیو اور تصاویر بھی سامنے آئیں۔
انمول نے ولیمے پر ‘لاجونتی’ نامی برانڈ کا جوڑا پہنا، اس لباس کی قیمت جاننے کے لیے جیو ویب نے جب ڈیزائنر سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس کی قیمت 17 لاکھ روپے بتائی۔
امام الحق کی اہلیہ انمول محمود پیشے کے اعتبار سے ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں جو کہ امام کی پرانی دوست تھیں اور اب ان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکی ہیں۔
اوپننگ بیٹر نے اس کی تصدیق اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کی تھی۔
Pakistan Image